1. Home
  2. Blogs
  3. News

جنوری 2, 2025

عمران خان کو جیل سے بنی گالامنتقل ہوجانے کی پیشکش، فیصل چوہدری نے تصدیق کردی

عمران خان کو جیل سے بنی گالامنتقل ہوجانے کی پیشکش، فیصل چوہدری نے تصدیق کردی
عمران خان نے بنی گالہ منتقل ہونے کی پیشکش ملنے کی تصدیق کردی۔بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری کا کہنا ہے کہ ان کے مؤکل کے مطابق انہیں بنی گالہ منتقل ہونے کی پیش کش ہوئی ہے تاہم انہوں نے کہہ دیا ہے کہ جب تک پارٹی کے تمام لیڈران و کارکنان بغیر ٹرائل رہا نہیں کیے جاتے وہ کہیں منتقل نہیں ہوں گے۔راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کے وکیل فیصل چوہدری نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ انہیں بنی گالہ منتقل ہونے کی پیشکش ہوئی ہے تاہم جب تک بغیر ٹرائل لوگ رہا نہیں کیے جاتے وہ کہیں منتقل نہیں ہوں گے، پارٹی کے بانی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کا وقت آ چکا ہے اور کوئی طاقت اس کو روک نہیں سکتی، بانی نے خالد خورشید کی سزا کی مذمت کی۔فیصل چوہدری نے کہا کہ عمران خان کے خلاف 190 ملین پاونڈ ریفرنس کا فیصلہ بھی وہی ہوگا جو پہلے 4 مقدمات میں ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ توشہ خانہ 2 جھوٹے کیسز کی سیریز میں سے ایک کیس ہے۔فیصل چوہدری نے واضح کیا کہ عمران خان واحد شخصیت ہیں جو معاشی عدم استحکام سے نکال سکتے ہیں۔ ملک میں عدلیہ اور جمہوریت کا گلا گھونٹ دیا گیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کا بیان نشر کرنے پر پابندی ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔ چاہتے ہیں میڈیا پر دباؤ ختم ہو۔ مذاکراتی کمیٹی میں جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کررہے ہیں۔ اسیران کی رہائی کا مطالبہ کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں معاشی ترقی کا راستہ سرمایہ کاری ہے جو قانون کی بالادستی کے بغیر نہیں ہو سکتی۔ مہنگائی کم ہونے کا حکومت کا بیان مضحکہ خیز ہے۔ نوجوان ملازمتوں کی تلاش میں دربدر ہیں۔ حکومت نہیں چاہتی کہ معاملات درست ہوں۔ ایک طبقہ مذاکرات کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔ مذاکراتی کمیٹی کو آج کے اجلاس کے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی رسائی دی جائے تاکہ وہ بانی پی ٹی آئی کو بریف کر سکیں۔واضح رہے کہ کچھ دنوں سے یہ اطلاعات عام ہیں کہ اڈیالہ جیل میں قید کی سزا کاٹنے والے سابق وزیراعظم کو حکومت نے جیل کی بجائے ان کی اپنی رہائشگاہ واقع بنی گالہ میں رہنے کی پیشکش کردی ہے۔ تاہم حکومتی حلقوں کی جانب سے اس بات کی تردید کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں