1. Home
  2. Blogs
  3. News

جولائی 27, 2024

کیپٹن راجہ سرور شہید کا 76 واں یوم شہادت، پاک فوج کا خراج عقیدت

کیپٹن راجہ سرور شہید کا 76 واں یوم شہادت، پاک فوج کا خراج عقیدت
دشمن کو چوکی چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور کرنے والے کیپٹن راجہ محمد سرور شہید کا آج 76 واں یوم شہادت منایا جا رہا ہے، بے مثال قربانی اور بہادری کی بدولت کیپٹن محمد سرور شہید کو نشان حیدر سے نوازا گیا۔تفصیلات کے مطابق ملک پر اپنی جان نچھاور کرنے والے نشان حیدر کیپٹن محمد سرور شہید کا 76واں یوم شہادت آج انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مسلح افواج اور سروسز چیفس کی جانب سے شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید کی ہمت، ثابت قدمی اور قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ وہ پاک فوج کے نشان حیدر حاصل کرنے والے پہلے افسر تھے۔کیپٹن راجہ محمد سرور شہید 10 نومبر 1910ء کو ضلع راولپنڈی میں پیدا ہوئے آپ کے والد راجہ حیات خان پاک فوج میں حوالدار تھے، راجہ محمد سرور نے 15 اپریل 1929ء کو فوج میں بطور سپاہی شمولیت اختیار کی جبکہ 1944ء میں آرمی انجینئر کور میں شامل ہو گئے۔کیپٹن محمد سرور نے 27 جولائی 1948ء کو کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں دشمن کی اہم فوجی پوزیشن پر ایسا حملہ کیا کہ دشمن کو اپنی چوکی چھوڑ کر بھاگنا پڑا، انہوں نے مادر وطن کے دفاع کیلئے کمال بہادری، جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینے پر گولی کھائی اور جام شہادت نوش کیا۔

متعلقہ خبریں