1. Home
  2. Blogs
  3. News

دسمبر 4, 2024

وزیراعظم کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات، دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی

وزیراعظم کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات، دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ریاض میں منعقدہ ون واٹر سربراہی اجلاس کے موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے خوشگوار ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات میں بڑی تبدیلی لانے کیلئے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔سعودی ولی عہد نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران پانچویں بار پاکستانی وزیر اعظم سے ملاقات پر اپنی بے حد خوشی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ حقیقی محبت اور باہمی احترام کا ثبوت ہے جو دونوں ممالک کے عوام کو جوڑتا ہے۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں کا اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے لیے اپنے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینا انتہائی ضروری ہے۔سعودی ولی عہد نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعاون کا فروغ پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کیلئے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر عملدرآمد کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے ولی عہد کا پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا۔شہباز شریف نے ولی عہد کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی اپنی پھر سے دعوت دی۔ ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیرِ اعظم کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے جلد دورۂ پاکستان کے منتظر ہیں۔

متعلقہ خبریں