1. Home
  2. Blogs
  3. News

دسمبر 4, 2024

بلاول کی مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ آمد، مدارس بل پر صدر کے دستخط کی یقین دہانی

بلاول کی مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ آمد، مدارس بل پر صدر کے دستخط کی یقین دہانی
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان کو مدارس رجسٹریشن بل کی منظوری کی یقین دہانی کرادی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری مدارس بل کے معاملے پر مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پہنچے جہاں انہوں نے بل پر صدر مملکت کے دستخط اور بل کی منظوری کی یقین دہانی کروائی۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بلاول بھٹو، مولانا فضل الرحمٰن کی ناراضی دور کرنے کے لیے ان سے ملاقات کے لیے گئے۔ اس دوران ملکی سیاسی حالات پر بات چیت ہوئی۔ علاوہ ازیں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے مدارس رجسٹریشن ایکٹ پر صدر کے دستخط نہ ہونے پر بھی بات چیت کی۔دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے دوران سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری، سینیٹر کامران مرتضیٰ، حاجی غلام علی، مولانا لطف الرحمٰن، مولانا اسعد محمود جب کہ بلاول بھٹو کے ساتھ راجا پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ موجود تھے۔مولانا فضل الرحمٰن اور بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی، جس کے بعد چیئرمین پی پی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کیے بغیر چلے گئے جب کہ راجا پرویز اشرف اور سینیٹر کامران مرتضیٰ نے صحافیوں کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔صحافی نے راجہ پرویز اشرف سے سوال کیا کہ کیا مولانا کے تحفظات دور ہوگئے، اس پر انہوں نے جواب دیا کہ اچھی ملاقات رہی ہے۔سینیٹر کامران مرتضیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مولانا فضل الرحمن اور بلاول بھٹو کی ملاقات اچھی رہی۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کسی سیاسی جماعت نہیں بلکہ ریاست کا صدر ہوتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری مدارس رجسٹریشن بل کے حوالے سے پہلے بھی ہمارے ساتھ تھے اور اب بھی ہمارے ساتھ ہیں۔انہوں نے بل پر صدر مملکت کے دستخط کی یقین دہانی کرائی ہے۔

متعلقہ خبریں