1. Home
  2. Blogs
  3. News

ستمبر 7, 2024

نائب کپتان ہوں عمران خان کوچھوڑ کر جانے کا سوچ بھی نہیں سکتا،شاہ محمود قریشی

نائب کپتان ہوں عمران خان کوچھوڑ کر جانے کا سوچ بھی نہیں سکتا،شاہ محمود قریشی
سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے 8 فروری کو پی ٹی آئی کے کارکنوں کو جلسہ گاہ پہنچنے کی خصوصی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ جوڈیشل پیکیج اور ججز کی تعداد بڑھانے سے متعلق بل پارلیمنٹ کو بل ڈوز کرنے کی کوشش ہے، کم از کم عوام کے سامنے بل کے دونوں پہلوؤں تو سامنے آتے۔لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ 9 مئی کے مقدمات کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔دوران سماعت شاہ محمود قریشی روسٹرم پر آئے اور کہا کہ جب مقدمات درج ہوئے تب میں پنجاب میں نہیں تھا، مجھے ایک سال دو ماہ بعد گرفتار کیا گیا، جب میں رہا ہوا تو 9 مئی مقدمات میں گرفتار کر لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا میں نائب کپتان ہوں، میں بھاگنے کا سوچ بھی نہیں سکتا، یہ لوگ ڈرتے ہیں اگر میں باہر آ گیا تو لوگ اکٹھےہوں گے، 40 سال سے سیاست میں ہوں کبھی کوئی مقدمہ نہ ہوا، اب اچانک 55 مقدمات درج ہوگئے۔شاہ محمود کا کہنا تھا کہ یہ لوگ دلائل کیوں نہیں دے رہے، یہ جان بوجھ کر التوا چاہتے ہیں، اگر ہم گناہ گار ہیں تو ہمیں سزا دیں، یہ قوم کا وقت ضائع کر رہے ہیں، ہمیں عدالتوں پر بڑا اعتماد ہے۔بعدازاں کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے نظریاتی کارکنان کل جلسہ گاہ میں پہنچیں، 8 فروری کو قوم نے تمام مشکلات کے باوجود صحیح فیصلے لیے تھے۔اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ جوڈیشل پیکیج اور ججز کی تعداد بڑھانے سے متعلق بل آرہا ہے اس بارے کیا کہیں گے؟ سابق وزیر خارجہ نے جواب دیا کہ ان بلوں کے ذریعے پارلیمنٹ کو بلڈوز کرنے کی کوشش کی گئی، کم از کم بل کے پہلوؤں کو تو عوام کے سامنے لایا جاتا، ہماری درخواست ہے عدلیہ کو کمزور نہ کریں۔پرویز الہی کو پی ٹی آئی کا صدر بنایا گیا مگر وہ خاموش ہیں؟ سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اڈیالہ میں اور وہ اکٹھے تھے، ان کی طبیعت واقعی خراب تھی۔بانی پی ٹی آئی نے گرفتاری کے وقت کہا کہ آپ اسٹیبلشمنٹ کے آدمی ہیں؟ کے سوال پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر میں اسٹیبلشمنٹ کا بندہ ہوتا تو کیا آج جیل میں ہوتا؟ میرے خلاف پارٹی میں ایک بڑی کمپین چلائی گئی، میرا موٹا سا سوال ہے کہ میں بانی پی ٹی آئی کی کور کابینہ میں تھا۔

متعلقہ خبریں