1. Home
  2. Blogs
  3. News

دسمبر 21, 2024

فوجی عدالتیں سویلین کو سزا نہیں سنا سکتیں، پی ٹی آئی کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان

فوجی عدالتیں سویلین کو سزا نہیں سنا سکتیں، پی ٹی آئی کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 9 مئی واقعات کے مجرموں کو فوجی عدالتوں سے سنائی گئی سزاؤں کو مسترد کرتے ہوئے فیصلے کو ہر فورم پر چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔سابق اسپیکر اسد قیصر نے فوجی عدالتوں کی جانب سے سنائے گئے فیصلے کو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہاکہ ملزمان کے ٹرائل میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔انہوں نے کہاکہ ہم فوجی عدالتوں کی جانب سے سنائے گئے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں اور اسے ہر فورم پر چیلنج کریں گے۔انہوں نے کہاکہ شہریوں کو بنیادی حقوق سے محروم کردیا گیا ہے، جب عدالتیں کمپرومائز ہوں تو ملک میں مایوسی بڑھتی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے مایوسی ہوئی، ہم انصاف کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔دوسری جانب اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں کہاکہ فوجی عدالتوں کی جانب سے عام شہریوں کو سنائی گئی سزا کو مسترد کرتے ہیں، فوجی عدالتوں نے تحریک انصاف کے زیرحراست افراد کو سزائیں سنائی ہیں جو انصاف کے اصولوں کے منافی ہے۔انہوں نے کہاکہ جو لوگ فوج کی حراست میں ہیں وہ عام شہری ہیں اور ان پر فوجی عدالتوں میں مقدمہ نہیں چلایا جا سکتا۔ عام شہریوں کو سزائیں سنانے والی فوجی عدالتیں بنیاد طور پر کینگرو عدالتیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ مسلح افواج ریاست کے انتظامی اختیار کا حصہ ہیں، فوجی عدالتیں قانونی طور پر ریاست کی عدالتی طاقت کی شراکت دار نہیں ہوسکتیں، ایسی عدالتوں کا قیام عام شہریوں سمیت عدلیہ کی آزادی کے خلاف ہے، ایسے فیصلوں سے آئین کی بنیادی خصوصیت طاقت کی تقسیم کی نفی ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں