1. Home
  2. Blogs
  3. News

ستمبر 18, 2024

آئینی ترامیم پرحکومتی تجاویزقابل قبول نہیں، حکومت کا مسودہ مکمل طور پر مسترد کردیا، فضل الرحمان

آئینی ترامیم پرحکومتی تجاویزقابل قبول نہیں، حکومت کا مسودہ مکمل طور پر مسترد کردیا، فضل الرحمان
جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم نے آئینی ترامیم کے لیے حکومت کا مسودہ مکمل مسترد کردیا ہے، یہ کسی صورت قابل عمل ہی نہیں۔رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کی رہائشگاہ پر ظہرانے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت کی طرف سے جو مسودہ ہمارے حوالے کیا گیا تھا ہم نے اس کا بغور مطالعہ کیا، یہ مسودہ کسی صورت قابل قبول اور قابل عمل نہیں۔اسد قیصر کی رہائش گاہ پر ظہرانے کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اب تو یہ بھی کہہ رہے ہیں یہ ہمارا مسودہ نہیں تھا، جو مسودہ پہلے فراہم کیا گیا تھا وہ کیا کھیل تھا؟ مطالعہ کرنے کے بعد وہ مسودہ کسی لحاظ سے قابل قبول نہیں تھا یہ قوم سے بڑی خیانت ہوتی اگر اس کا ساتھ دیتے۔سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا کہناتھا کہ اسد قیصر کے پاس اس لیے آیا ہوں کہ انہوں نے میرے بہت کھانے کھائے ہیں کھانا کھانے آئے تھے کھا کر جارہے ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم اس مسودے کا ساتھ دیتے تو یہ ملک، قوم کی امانت میں خیانت ہوتی۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ آج بانی پی ٹی آئی نے آپ سے متعلق کسی سوال کا جواب نہیں دیا تو مولانا فضل الرحمان مسکراتے ہوئے کہنے لگے کہ ’میں بھی جواب نہیں دے رہا۔جے یو آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ میں اس معاملے پر مزید کوئی بات نہیں کرنا چاہتا۔اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علما اسلام پارلیمنٹ میں مل کر چلیں گے، اور مولانا سے اس بات پر اتفاق ہوگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ انہوں نے آئینی ترامیم کے مسودے کو مکمل مسترد کردیا ہے۔ پی ٹی آئی اور جے یو آئی پارلیمان میں مل کر چلیں گی، اس وقت اپوزیشن جماعتوں کا موقف ایک ہے۔ سابق اسپیکر نے کہاکہ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ اتنا بڑا آئینی پیکیج لایا جارہا ہو، اور اسے سب سے چھپایا جائے، اپوزیشن کو تو چھوڑیں انہوں نے اپنے اراکین سے بھی ڈرافٹ کو چھپایا۔

متعلقہ خبریں