1. Home
  2. Blogs
  3. News

ستمبر 19, 2024

مخصوص نشستیں،الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہیں ہوسکتا، ایازصادق

مخصوص نشستیں،الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہیں ہوسکتا، ایازصادق
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا اور کہا ہے کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد مخصوص نشستیں تبدیل نہیں کی جاسکتیں، الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہوسکتا۔تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ کے تحت مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپنے خط میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے اپیل کی ہے کہ پارلیمنٹ کی خود مختاری قائم رکھتے ہوئے مخصوص نشستیں الاٹ کی جائیں۔چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میںا سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بحیثیتِ سپیکر قومی اسمبلی پارلیمان کے تقدس اور خودمختاری کے اہم مسلئے پر بات کرنا چاہوں گا، پارلیمانی نظام کی خودمختاری اور وقار کو برقرار رکھنے کیلئے پارلیمانی اصولوں پر عمل کرنا بے حد ضروری ہے۔انہوں نے لکھا کہ ترمیمی الیکشن ایکٹ کے تحت کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونے والا آزاد رکن اب پارٹی تبدیل نہیں کر سکتا، ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ کا اطلاق 2017 سے کیا گیا ہے، ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ پر عمل درامد الیکشن کمیشن کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے۔ان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ماضی کے ایکٹ کے تحت تھا جو اب قابل اطلاق نہیں، اب ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ موجود رہے گا، پہلے والے ایکٹ سے بالا ہوگا، یہ میری رائے نہیں، اس پر سپریم کورٹ کے فیصلے موجود ہیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن پارلیمنٹ کے بنائے گئے قوانین پر عملدرآمد کرے، الیکشن کمیشن پارلیمنٹ اور جمہوری اصولوں کی بالادستی کو یقینی بنائے۔

متعلقہ خبریں