1. Home
  2. Blogs
  3. News

اکتوبر 4, 2024

اسرائیل کی بیروت میں بمباری، حزب اللہ کے متوقع سربراہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

اسرائیل کی بیروت میں بمباری، حزب اللہ کے متوقع سربراہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
اسرائیل نے رات گئے بیروت ایئرپورٹ اور اس کے گردونواح میں بمباری کی، حملے میں حزب اللہ کے ممکنہ سربراہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔تفصیلات کے مطابق بیروت پر اسرائیلی فوج کے بمباری کے دوران حزب اللہ کے متوقع سربراہ ہاشم صفی الدین کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ملی ہیں۔ ہاشم صفی الدین حزب اللہ کے سیاسی امور میں کلیدی حیثیت کے حامل ہیں۔ وہ حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصراللہ کے رشتہ دار بتائے جاتے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایسی اطلاعات تھیں کہ حزب اللہ کے شہید سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ کی جگہ ان کے قریبی عزیز ہاشم صفی الدین کویہ منصب دیا جائے گا۔حزب اللہ نے تاحال اسرائیلی دعویٰ کی تصدیق یا تردید نہیں کی تاہم ائیرپورٹ کے قریب دھماکے سنے گئے اور دھوئیں کے بادل میلوں دور تک دکھائی دیے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق رات گئے ہونے والے یہ حملے حسن نصراللہ پر کئے گئے حملے سے زیادہ بڑے تھے، جس کا ہدف ممکنہ طور پر حزب اللہ کے سربراہ ہاشم صفی الدین تھے۔بیروت کے متعدد علاقوں پر اسرائیلی فوج نے گزشتہ شب بھی بمباری کی جس میں متعدد ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ اسرائیلی فوج نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں حزب اللہ کے میزائل مینوفیکچرنگ یونٹ کے کلیدی ماہر محمود یوسف انیسی کو شہید کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔واضح رہےاسرائیل کی لبنان کے مختلف علاقوں پر بمباری جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں 37 لبنانی شہری جاں بحق اور 151زخمی ہوئے ہیں۔مغربی کنارے پر اسرائیل نے پناہ گزیں کیمپ پر حملہ کیا ہے جس میں 16 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی کردیے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ تلکرم پر حملے میں حماس رہنما یاسر عبدالراق مارے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں