1. Home
  2. Blogs
  3. News

اکتوبر 22, 2024

جسٹس یحییٰ آفریدی نئے چیف جسٹس آف پاکستان ہوں گے

جسٹس یحییٰ آفریدی  نئے چیف جسٹس آف پاکستان ہوں گے
جسٹس یحییٰ آفریدی نئے چیف جسٹس آف پاکستان ہوں گے۔ جسٹس یحییٰ آفریدی کو خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے دوتہائی اکثریت سے چیف جسٹس نامزد کردیا ہے۔26 ویں آئینی ترمیم کے بعد نئے چیف جسٹس پاکستان کی تعیناتی کے لیے بنائی گئی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے سنیارٹی لسٹ میں تیسرے نمبر پر موجود جسٹس یحییٰ آفریدی کو بطور چیف جسٹس آف پاکستان نامزد کردیا ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے اراکین کے بائیکاٹ کے باعث نئے چیف جسٹس آف پاکستان کی تقرری کیلئے پارلیمانی کمیٹی نے بنا اپوزیشن ممبران کے فیصلہ لیا۔پاکستان تحریک انصاف نے 12 رکنی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا تھا تاہم باقی 9 ارکان میں سے 8 نے جسٹس یحییٰ کے حق میں ووٹ دیا، جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے جسٹس یحییٰ کے حق میں ووٹ نہیں دیا۔ چیف جسٹس کی تقرری کے حوالے سے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا دوسری بار ہونے والا اجلاس دیڑھ گھنٹے تک ہوا، جس میں تحریک انصاف کے علاوہ باقی تمام اراکین نے شرکت کی۔کمیٹی نے دو تہائی اکثریت سے یحییٰ آفریدی کو اگلا چیف جسٹس آف پاکستان تعینات کرنے کی منظوری دی اور وزیراعظم کو یحییٰ آفریدی کا نام منظوری کیلئے ارسال کردیا۔واضح رہے کہ تحریک انصاف نے چیف جسٹس کی تقرری کے معاملے کا بائیکاٹ اور کمیٹی اجلاس میں شرکت سے انکار کیا تھا۔واضح رہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کا انتخاب کیا گیا ہے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 25 اکتوبر کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہو رہے ہیں، 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری سے قبل جسٹس منصور علی شاہ کو سنیارٹی اصول کے تحت اگلا چیف جسٹس پاکستان بننا تھے۔پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع سے تعلق رکھنے والے جسٹس یحییٰ آفریدی اس وقت سپریم کورٹ میں سینیارٹی کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر ہیں۔جسٹس یحیی آفریدی نے موجودہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف دائر صدارتی ریفرنس میں قاضی فائز عیسیٰ کی درخواست کو مسترد کیا تھا۔تاہم حال ہی میں وہ چیف جسٹس کے ساتھ ان چار ججوں میں شامل تھے جنہوں نے مخصوص نشستیں پاکستان تحریک انصاف کو الاٹ کرنے کی مخالفت کی تھی۔جسٹس یحییٰ آفریدی نے بطور جج اعلیٰ عدلیہ میں مختلف مقدمات کی سماعت کی جس میں سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس میں لارجر بینچ میں ان کی شمولیت بھی شامل ہے۔جسٹس یحییٰ آفریدی نے اس کیس سے متعلق فیصلے میں اپنا اختلافی نوٹ بھی تحریر کیا تھا۔نامزد چیف جسٹس، سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے خلاف صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کے 9 رکنی لارجر بینچ کا حصہ بھی رہے۔59 سالہ جسٹس یحییٰ آفریدی نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس 2024 کی 3 رکنی ججز کمیٹی میں شامل ہونے سے معذرت کی تھی۔نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد پاکستانی عدالت عظمٰی کے 30ویں چیف جسٹس بن جائیں گے۔

متعلقہ خبریں