1. Home
  2. Blogs
  3. News

اکتوبر 29, 2024

وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات، دو طرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات، دو طرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق
پاکستان اور سعودی عرب نے دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کرلیا۔وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ریاض میں ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے پاک سعودی مضبوط اقتصادی شراکت داری کا اعادہ کیا۔اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ریاض میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کے 8ویں ایڈیشن کے موقع پر سعودی ولی عہد اور مملکت سعودی عرب کے وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی صحت و تندرستی کے لیے دعا کی۔انہوں نے بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے متعلق معاملات پر سعودی عرب کی پاکستان کی حمایت پر شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔ مزید برآں وزیراعظم نے ان کی اور ان کے وفد کی پرتپاک مہمان نوازی پر بھی ولی عہد و وزیراعظم سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کی دور اندیش قیادت کو سراہتے ہوئے کہاکہ سعودی وژن 2030 پاکستان کے کلیدی پالیسی مقاصد سے ہم آہنگ ہے۔اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مضبوط پاکستان سعودی اقتصادی شراکت داری کا اعادہ کیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے دائرہ کار میں جاری دو طرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم نے سعودی وزیر سرمایہ کاری کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے سعودی وفد کے حالیہ دورے کا ذکر کیا اور اس دورے کے دوران دستخط کردہ مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) کی بنیاد پر پاک سعودی معاشی شراکت کا احاطہ کیا۔اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری اسرائیلی جارحیت پر بھی تشویش کا اظہار کیا جس کے نتیجے میں بے پناہ تباہی ہوئی ہے۔واضح رہے کہ وزیر اعظم پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں۔ وہ ریاض میں 29 سے 31 اکتوبر کو منعقد ہونے والے آٹھویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو میں شریک ہوں گے۔

متعلقہ خبریں