1. Home
  2. Blogs
  3. News

نومبر 4, 2024

انتخابی مہم کا آج آخری روز ،امریکا میں صدر کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کل ہوگی

انتخابی مہم کا آج آخری روز ،امریکا میں صدر کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کل ہوگی
امریکا میں صدارتی انتخاب کا حتمی مرحلہ کل پایہ تکمیل تک پہنچے گا ،اس سلسلے میں گہما گہمی عروج پر ہے ۔تفصیلات کے مطابق کون بنے گا وائٹ ہاؤس کانیا مکین؟ امریکا میں انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے، صدارتی الیکشن کیلئے پولنگ منگل کے روز ہوگی۔ڈونلڈ ٹرمپ اور کاملا ہیرس اپنی کامیابی کیلئے سرتوڑ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔مختلف رائے شماریوں میں کاملا ہیرس کو ایک پوائنٹ کی برتری حاصل ہے، دونوں امیدواروں کی توجہ پانسہ پلٹنے والی ریاستوں پر مر کوز ہے۔کاملا ہیرس مشی گن میں سرگرم جبکہ ٹرمپ کی پنسلوینیا، نارتھ کیرولائنا اور جارجیا میں دوڑ دھوپ جاری ہے۔صدارتی انتخابات کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئیں، بیلٹ باکسز، پیپرز اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں پولنگ سینٹرز میں پہنچائی جا چکی ہیں، 24 کروڑ سے زائد افراد حق رائے دہی استعمال کریں گے، 7 کروڑ افراد نے پولنگ ڈے سے پہلے ہی ووٹ کاسٹ کر دیا ہے۔نارتھ کیرولینا میں ووٹنگ کی شرح 55 فیصد ریکارڈ، جارجیا میں 50 اور ٹینیسی میں 49 فیصد ووٹ کاسٹ ہوگئے، ٹیکساس اور فلوریڈا میں 47،47 فیصد ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا، الیکشن میں 435 ایوان نمائندگان کا انتخاب کیا جائے گا۔33 سینیٹرز اور 13 گورنرز کا بھی چناؤ ہوگا، دنیا کی نظریں سوئنگ اسٹیٹس پر مرکوز ہیں، امیدواروں کے متضاد دعوے بھی سامنےآگئے، معلق ریاستوں کے 93 الیکٹورل ووٹ انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔الیکٹورل کالج میں کاملہ ہیرس کو مجموعی طور پر 224 اور ڈونلڈ ٹرمپ کو 219 ووٹ ملنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، امریکی مسلمانوں نے دونوں صدارتی امیدواروں پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔کملا ہیرس کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ جیتے تو ملک عدم استحکام کا شکار ہوسکتا ہے۔دونوں امیدواروں میں محض ایک دو پوائنٹس کا فرق بتایا جارہا ہے۔ ایریزونا، جارجیا، نیواڈا، شمالی کیرولائنا، پنسلوانیا میں ٹرمپ کو جبکہ مشی گن، وسکونسن میں کملا ہیرس آگے ہیں۔

متعلقہ خبریں