1. Home
  2. Blogs
  3. News

دسمبر 29, 2024

جنوبی کوریامیں لینڈنگ کے دوران مسافر طیارہ حادثے کا شکار، 179افراد ہلاک

جنوبی کوریامیں لینڈنگ کے دوران مسافر طیارہ حادثے کا شکار، 179افراد ہلاک
جنوبی کوریا میں لینڈنگ کے دوران طیارہ خوفناک حادثے کا شکار ہو گیا جس کے نتیجے میں 179 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 2 کو بچا لیا گیا۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کی قومی ایئر لائن نے طیارے کو پیش آنے والے حادثے میں 179 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے، 2 افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔رپورٹس میں بتایا گیا کہ طیارے کو حادثہ لینڈنگ گیئر میں خرابی کے سبب پیش آیا،طیارہ رن وے سے اتر کر رن وے کے گرد لگی باڑ سے جا ٹکرایا جس سے طیارے میں آگ بھڑک اٹھی بعد ازاں ایمرجنسی عملے نے طیارے میں لگی آگ بجھا دی۔خبر ایجنسی کے مطابق جبکہ حادثہ جنوبی کوریا موان ائیرپورٹ پر پیش آیا۔رپورٹ کے مطابق جنوبی کورین ائیرلائن کے طیارے میں 175 مسافر اور 6 فلائٹ اٹینڈنٹ سوار تھے جبکہ طیارہ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک سے واپس آرہا تھا۔وزارت ٹرانسپورٹیشن کے مطابق مسافروں میں تھائی لینڈ کے دو شہری بھی شامل ہیں جبکہ باقی کا تعلق جنوبی کوریا سے ہے۔ایوی ایشن حکام اور ماہرین نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی رپورٹ میں لینڈنگ گیئر کی خرابی کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا گیا ہے۔ایئرپورٹ انتظامیہ نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی کیا اور کہا کہ ایمرجنسی عملہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا اور زخمیوں کی فوری مدد کی گئی۔جنوبی کوریا نے جہاز حادثے پر سات روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب جیجو ائیر کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی ای او) کم ای بائی نے پریس کانفرنس سے قبل ائیرلائن کے اعلیٰ حکام کے ساتھ کیمروں کے سامنے سر جھکا کر حادثے پر معافی مانگی۔اس کے بعد پریس کانفرنس کی اور کہا کہ طیارہ حادثے کی وجوہات ابھی تک غیر واضح ہیں، طیارے کی خرابی کے کوئی ابتدائی شواہد نہیں ملے۔انہوں نے کہا کہ گرنے والےطیارے کے حادثات کا کوئی سابقہ ریکارڈ نہیں تھا، طیارہ حادثے پر معذرت خواہ ہیں۔

متعلقہ خبریں