1. Home
  2. Blogs
  3. News

دسمبر 22, 2024

قوم کی حمایت سے ملک میں امن و استحکام کا قیام یقینی بنایا جائے گا، آرمی چیف

قوم کی حمایت سے ملک میں امن و استحکام کا قیام یقینی بنایا جائے گا، آرمی چیف
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قوم کی حمایت سے ملک میں امن و استحکام کا قیام یقینی بنایا جائے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا، آرمی چیف کو سیکیورٹی صورتحال اور انسدادِ دہشت گردی آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے عزم کو آرمی چیف نے خراجِ تحسین پیش کیا۔آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کی اور دہشت گردی کے مقابلے میں ان کی غیر متزلزل لچک و ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو قوم کا حقیقی ہیرو قرار دیا۔پاک فوج کے افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے جوانوں کی ثابت قدمی کو سراہا اور قربانیوں کی تعریف کی۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ شہداء پاکستان کا فخر ہیں، ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں ہوں گی، قوم کی حمایت سے ملک میں امن و استحکام کا قیام یقینی بنایا جائے گا۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر کامزید کہناتھا کہ انشا اللہ! دہشت گردی اور انتہا پسندی اور اس کی تمام شکلوں کو ختم کیا جائے گا جس کے لیے ہم پُرعزم ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج کی جرات، لچک اور غیرمتزلزل عزم ملک کی خودمختاری کا سنگ بنیاد ہے۔ آرمی چیف نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کو قوم کا حقیقی ہیرو قرار دیا اور کہا کہ ان کی بہادری اور بے لوث لگن پورے ملک کے لیے قابل فخر ہے۔آرمی چیف نے فتنہ الخوارج کے تعاقب کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ ریاست کے خلاف ان کی مذموم سرگرمیوں، سہولت کار کے ساتھ ساتھ ان کی مالی معاونت کرنے والوں کا بھی خاتمہ کیا جائے گا۔قبل ازیں وانا پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

متعلقہ خبریں