1. Home
  2. Blogs
  3. News

دسمبر 29, 2024

پارا چنار کی صورتحال پر کراچی میں 12مقامات پردھرنے جاری،عوام شدید مشکلات کا شکار

پارا چنار کی صورتحال پر کراچی میں 12مقامات پردھرنے جاری،عوام شدید مشکلات کا شکار
اپ ڈیٹ۔۔کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شارع فیصل سے ایئرپورٹ جانے والے روڈ کو کھول دیا گیا ہے۔ ٹریفک معمول کے مطابق بحال ہوگئی ہے۔۔۔۔۔۔ایک طرف ضلع کرم کی صورت حال پر گرینڈ جرگہ کسی حتمی فیصلے تک نہ پہنچ سکا اور معاہدے کا اب بھی انتظار ہے، تو دوسری جانب کرم کی صورتحال پر کراچی میں 12 مقامات پر دھرنے جاری ہیں، سڑکیں بند ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کے علاقےپارا چنار میں سڑک کی بندش کے خلاف کراچی کے 10 سے زائد مقامات پر دھرنے جاری ہیں۔شارع فیصل کراچی پر ناتھا خان کے مقام پر بھی دھرنا جاری ہے جس کی وجہ سے ڈرگ روڈ کے پر بدترین ٹریفک جام کی صورتحال ہے۔ڈرگ روڈ کے اطراف بدترین ٹریفک جام کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ۔ شہرقائد میں بارہ مقامات پر اہم سڑکیں بند ہیں اور مجلس وحدتِ مسلمین کے زیر اہتمام یونیورسٹی روڈ پر سفاری پارک کے مقام پر جبکہ شاہراہِ پاکستان پر عائشہ منزل اور انچولی کے مقام پر دھرنے جاری ہیں۔گلبہار، گلستان جوہر کی کامران چورنگی، نارتھ ناظم آباد کی فائیو اسٹار چورنگی، نارتھ کراچی کی پاور ہاؤس چورنگی اور ابوالحسن اصفہانی روڈ پر بھی دھرنے جاری ہیں۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے، شہر بھر میں ٹریفک کو متبادل روٹ سے گزارا جارہا ہے۔کراچی میں دھرنے کے باعث ایم اے جناح روڈ نمائش چورنگی کے دونوں ٹریک بند ہیں، ٹریفک کو پیپلز چورنگی، گرو مندر سے سولجر بازار کی طرف موڑا جارہا ہے۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق سوسائٹی سگنل سے کوریڈور تھری، بریٹو روڈ سے سولجر بازار اور گرو مندر کی طرف ڈائیورشن دی گئی ہے۔ابو الحسن اصفہانی روڈ پر عباس ٹاؤن کے سامنے دونوں سڑکیں بند ہیں اور ٹریفک کو پیراڈائز بیکری سے فاریہ چوک کی طرف بھیجا جا رہا ہے۔نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی پر بھی دھرنے کے باعث سروس روڈ سے ٹریفک کی روانی جاری ہے۔شاہراہ فیصل کالا چھپرا ملیر روڈ پر دھرنے کے باعث ٹریفک کو کارساز، ڈرگ روڈ، ملینیئم، جوہر چورنگی کی جانب پہلوان گوٹھ سے ایئرپورٹ کی طرف موڑا جا رہا ہے۔ترجمان کے مطابق ملیر، کورنگی انڈسٹریل ایریا، کلفٹن، ڈیفنس سے ائیرپورٹ جانے والے افراد سنگر چورنگی سے شاہ فیصل کالونی روڈ استعمال کرسکتے ہیں، شمع شاپنگ سینٹر شاہ فیصل کالونی پُل سے ائیرپورٹ کا راستہ بھی کھلا ہے۔اسی طرح نارتھ کراچی پاورہاؤس چورنگی، یونیورسٹی روڈ، ابوالحسن اصفہانی روڈ عباس ٹاؤن، فائیو اسٹار چورنگی سرجانی کے ڈی اے فلیٹس، عائشہ منزل ، گلستان جوہر کامران چورنگی پر بھی دھرنے جاری ہیں۔دوسری جانب ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ سانحہ کرم پر ہم سب غمزدہ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں، کرم واقعہ پر جرگے نے اپنا فیصلہ کرلیا ہے، اب کراچی میں احتجاج ختم کرنا چاہیے۔انہوں نے اپیل کی کہ مذہبی جماعت کراچی کے شہریوں کی تکلیف کو سمجھے، شہر میں احتجاج کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہے، کراچی کے شہری سڑکیں اور راستے بند ہونے پر شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ترجمان سندھ حکومت شیعہ علمائے کرام سے اپیل کرتے ہیں وہ کراچی میں احتجاج ختم کرانے کے لئے کردار ادا کریں، مختلف علاقوں میں ایمبولینس سمیت دیگر اشیاء ضروریہ پہنچانے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔سعدیہ جاوید نے پیشکش کی کہ اگر مذہبی جماعت کو احتجاج جاری رکھنا ہے تو شہر کے کسی گراؤنڈز یا پریس کلب کے باہر تمام سہولیات فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں، ہم مذہبی جماعت کی قیادت سمیت علماء سے عام شہری کی حیثیت سے اپیل کررہے ہیں۔

متعلقہ خبریں