1. Home
  2. Blogs
  3. News

جولائی 27, 2024

دریائے سین پر رنگارنگ افتتاحی تقریب سے اولمپکس کاباقاعدہ آغاز ہوگیا

دریائے سین پر رنگارنگ افتتاحی تقریب سے اولمپکس کاباقاعدہ آغاز ہوگیا
پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب دریائے سین پر منعقد کی گئی، جس کے ساتھ ہی کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔ 205 ممالک کے دستوں کی کشتیوں کے ذریعے دریائے سین میں آمد ہوئی۔ اولمپکس کی 128 سالہ تاریخ میں پہلی بار افتتاحی تقریب دریا میں ہوئی۔ 205 ممالک کے 10 ہزار 714 ایتھلیٹس اولمپکس میں شریک ہیں۔ پیرس اولمپکس کی مشعل بھی روشن کردی گئی ہے۔پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں خوبصورت مناظر اور دل کو چھو لینے والی موسیقی کے ساتھ مشہور گلوکارہ لیڈی گاگا اور فلم ٹائی ٹینک کا ٹائٹل سانگ گانے والی گلوکارہ سیلین ڈیان نے آواز کا جادو جگایا، افتتاحی تقریب میں 3 ہزار کے لگ بھگ فنکاروں نے پرفارم کیا۔ افتتاحی تقریب کے دوران روایتی انداز میں مختلف ملکوں کے دستوں کی آمد ہوئی، ایک کشتی پر دیگر چار ملکوں کے دستوں کے ہمراہ پاکستانی دستے کی آمد ہوئی، پاکستانی دستہ نیوزی لینڈ، عمان، یوگنڈا اور ازبکستان کے ساتھ آیا۔پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں دستے کی آمد کے موقع پر پاکستان کیلئے میڈل کی سب سے بڑی اُمید جیولین تھروور ارشد ندیم نے پاکستانی پرچم تھاماہوا تھا، اُن کے ساتھ ایتھیلٹ فائقہ ریاض، سوئمرز جہاں آرا نبی، احمد درانی اور آفیشلز موجود تھے۔خیال رہے 2024 اولمپکس 1924 کے بعد پہلی بار پیرس میں کھیلے جارہے ہیں،تقریباً ایک صدی بعد پیرس ان اولمپکس کی میزبانی کر رہا ہے۔ اس سے قبل 1900 اور 1924 میں اس نے اولمپکس کی میزبانی کی تھی۔

متعلقہ خبریں