1. Home
  2. Blogs
  3. News

ستمبر 7, 2024

عمران خان نے نیب کورٹ میں بریت کی درخواست دائر کر دی

عمران خان نے نیب کورٹ میں بریت کی درخواست دائر کر دی
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے نیب مقدمات میں بریت مانگ لی ہے۔تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت ہوئی، احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کیس کی سماعت کی،دوران سماعت بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 190ملین پاونڈریفرنس میں بریت کی درخواست دائر کردی۔عمران خان کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ نیب ترامیم سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد 190ملین پاونڈز کا کیس بنتا ہی نہیں، نیب ترامیم میں کابینہ کے تمام فیصلوں کو تحفظ حاصل ہے، سوال یہ ہے کہ نیب ترامیم کے بعد احتساب عدالت کا اس کیس میں دائرہ اختیار بنتا ہے یا نہیں۔اس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ اگر احتساب عدالت کا اس کیس میں دائرہ اختیار ہے تو پھر بریت کی درخواست سنی جاسکتی ہے۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ ہم نے عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج ہی نہیں کیا، عدالت کے دائرہ اختیار کا فیصلہ کرنا عدالت کی صوابدید ہے۔بعدازاں احتساب عدالت نے 190ملین پاونڈز ریفرنس کی سماعت میں ڈیڑھ گھنٹے کا وقفہ کیا جس کے بعدعدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے عمران خان کی درخواست بریت پر سماعت 10ستمبر تک ملتوی کردی۔ واضح رہے گزشتہ روز سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کالعدم قرار دینے سے متعلق عمران خان کی درخواست مسترد کرنے کے ساتھ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی انٹرا کورٹ اپیلیں منظور کرتے ہوئے نیب ترامیم کو بحال کر دیا تھا۔سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نیب ترامیم کالعدم قرار دینے سے متعلق عدالت کو مطمئن نہ کر سکے۔

متعلقہ خبریں