1. Home
  2. Blogs
  3. News

ستمبر 15, 2024

کپتانی چھوڑیں ملک کے لیے کھیلیں، یونس خان نے بابر اعظم کو مشورہ دیدیا

کپتانی چھوڑیں ملک کے لیے کھیلیں، یونس خان نے بابر اعظم کو مشورہ دیدیا
قومی ٹیم کے سابق یونس خان نے بابر اعظم کو کپتانی چھوڑ کر کرکٹ پر فوکس کرنے کا مشورہ دے دیا۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان یونس خان بابر اعظم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کپتانی سے نکلیں اور پاکستان کے لیے کھیلیں، ویرات کوہلی نے کپتانی چھوڑ کر پرفارمنس پر توجہ دی اور عظیم کھلاڑی بن گئے۔یونس خان نے کہا کہ میں نے تو صرف 10 ہزار رنز بنائے ہیں لیکن بابراعظم ایسے کھلاڑی ہیں جو 15 ہزار رنز بھی بناسکتے ہیں مگر کپتانی سے جان چھڑانا ہوگی کیوں کہ بچوں سمیت ہر کوئی یہ چاہتا ہے کہ بابراعظم پرفارم کریں۔انہوں نے سابق بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ کپتانی چھوڑنے کے بعد مزید اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں جب کہ میں بھی 3 سے 4 بار کپتانی چھوڑ چکا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ بابراعظم جب کپتان بنے تو میں بھی اس وقت ٹیم کے ساتھ تھا، یہ فیصلہ ہوا تھا کہ سب سے بہترین کھلاڑی کو کپتان بنایا جائے تو اس وقت بورڈ کے پاس زیادہ آپشن بھی نہیں تھے اور چیئرمین نے یہی سوچ کر بابراعظم کو کپتان بنایا۔یونس خان نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی بولتے زیادہ ہیں اور کھیلتے کم ہیں، ٹیم میں موجود کھلاڑیوں کو باتیں کرنے سے زیادہ اپنی کارکردگی دکھانے چاہیے کیوں کہ بولنے کا کام ہم جیسے ریٹائر بندوں کا کام ہے کیوں کہ ہماری کرکٹ ختم ہوچکی ہے۔سابق کپتان کاکہناتھا کہ پی سی بی کو اپنی اہمیت کا اندازہ ہونا چاہئے، مجھے ایسا لگتا ہے پی سی بی میں بیٹھے ہوئے لوگوں کو بورڈ کی اہمیت کا علم ہی نہیں، اچانک فیصلے ہوجاتے ہیں کوچز آجاتے ہیں، اب تو ہم سوچ رہے ہیں کہیں ہماری کرکٹ ختم ہی نہ ہوجائے،سابق کپتان یونس خان نے پی سی بی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سبزی، فروٹ اور گروسری بیچنے والوں کو بھی معلوم ہے ٹیم کا کپتان کون اور کوچ کس کو ہونا چاہیے لیکن نہیں معلوم تو صرف پی سی بی کوان کا کہنا تھا کہ پی سی بی میں بیٹھے ہوئے لوگوں کو خودغرضی ختم کرنی چاہئے، کپتان صرف اس بنیاد پر نہیں بنانا چاہئے کہ وہ ہماری سنتا ہے، کسی کو اس بنیاد پر پر باہر نہیں کرنا چاہیے کہ یہ ہمیں اچھا نہیں لگتا۔یونس خان نے سندھ حکومت پر بھی تنقید کی اور کہا کہ کراچی کو دیکھ کر لگتا ہے کہ موہن جو دڑو میں رہتا ہوں۔شہر قائد کی صورتحال سے متعلق بات کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ کراچی کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے، کراچی ایسا نہیں تھا جیسا آج ہے، کراچی اب موہنجوداڑو لگتا ہے، ارباب اختیار سے کہتا ہوں آپ نے اللہ کو بھی جواب دینا ہے، کراچی روشنیوں کا شہر تھا یہاں کی سڑکیں ماضی میں بہت اچھی تھیں۔ان کا کہنا تھا کہ آج کراچی میں ٹریفک کے نظام کا برا حال ہے، آج سڑک بنتی ہے اور پھر کھود دی جاتی ہے، شہری بھی اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرتے، پان گٹکا کھاتے ہوئے سوچیں کہ آپ کے بچے آپ کو دیکھ رہے ہیں، کراچی کی اونر شپ ہم سب نے لینی ہے۔یونس خان کا مزید کہنا تھا کہ میں کراچی میں پیدا نہیں ہوا مگر اس شہر میں بڑا ہوا ہوں، کراچی کے لئے کچھ اچھا ہوگا تو ملک کے لئے بہتر ہوگا۔

متعلقہ خبریں