1. Home
  2. Blogs
  3. News

اکتوبر 22, 2024

ریحام خان نے مشہوراداکارہ ہانیہ عامر کو شادی نہ کرنے کا مشورہ دے دیا

ریحام خان نے مشہوراداکارہ ہانیہ عامر کو شادی نہ کرنے کا مشورہ دے دیا
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے پاکستانی مشہوراداکارہ ہانیہ عامر کو شادی نہ کرنے کا مشورہ دے دیا۔تفصیلات کے مطابق فلم پروڈیوسر، صحافی و ٹی وی میزبان ریحام خان نے ہانیہ عامر کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اسی طرح کیریئر پر توجہ جاری رکھیں، ابھی وہ شادی نہ کریں۔ریحام خان نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں ان سے ہانیہ عامر سے متعلق سوال کیا گیا۔انہوں نے اس بات پر اظہار فخر کیا کہ انہوں نے ہانیہ عامر کو متعارف کرایا، ساتھ ہی کہا کہ اگر وہ انہیں متعارف نہ کراتیں تو کوئی اور انہیں متعارف کراتا۔ پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ریحام خان کاکہناتھا کہ ہانیہ عامر میری دریافت ہیں جس پر مجھے بہت فخر ہے، انہیں شادی کے بجائے اپنے کیریئر پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ فلم جانان میں واحد ہانیہ عامر تھیں جنہیں میں نے تجویز کیا تھا۔انہوں نے بتایا اس وقت وہ (ہانیہ عامر) صرف 17 سال کی تھیں، میرے بھانجے کی دوست تھیں، اسی نے مجھے اس کا ڈبمیش دکھایا جو مجھے بہت پسند آیا تھا، اس میں بہت ٹیلنٹ ہے۔ ریحام خان نے مزید کہا کہ بہت جلد ہانیہ بالی ووڈ میں بھی نظر آئیں گی اور میں جو سوچتی ہوں وہ ہو جاتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ہانیہ نے اپنے اہل خانہ کو سپورٹ کرنے کے لیے بہت محنت کی ہے، اگر وہ شادی کے بجائے اپنے کیریئر پر توجہ دے تو بہت آگے جائے گی۔ریحام خان کے مطابق ہانیہ عامر بہت میچور ایکٹنگ کرتی ہیں، ان کے جیسا ٹیلنٹ دبایا نہیں جاسکتا، اگر میں نہیں تو کوئی اور ہانیہ کے ٹیلنٹ کو پہچان جاتا۔انہوں نے ہانیہ عامر کی اداکاری کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کا ڈراما’’کبھی میں کبھی تم‘‘ مکمل طور پر دیکھ رہی ہیں اور پہلی بار وہ کوئی پاکستانی ڈراما پورا دیکھ رہی ہیں۔واضح رہے کہ ہانیہ عامر نے اپنی اداکاری کا آغاز ریحام خان اور حریم فاروق کی فلم ’’جانان‘‘ سے کیا تھا جس کے بعد سے وہ کامیابیوں کی سیڑھیاں چڑھتی جارہی ہیں،وہ بھارت میں بھی بے حدمقبول ہیں،آج کل ان کافہدمصطفیٰ کے ساتھ ڈرامہ بھی مقبولیت کی بلندیوں کوچھورہاہے۔

متعلقہ خبریں