1. Home
  2. Blogs
  3. News

نومبر 9, 2024

چیمپئنز ٹرافی کھیلنےبھارتی ٹیم پاکستان نہیں آئیگی، بھارتی بورڈ نے آئی سی سی کو آگاہ کردیا

چیمپئنز ٹرافی کھیلنےبھارتی ٹیم پاکستان نہیں آئیگی، بھارتی بورڈ نے آئی سی سی کو آگاہ کردیا
بھارت کے کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو باضابطہ طور پر بتادیا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپینز ٹرافی کے میچ کھیلنے کے لیے پاکستان نہیںجائے گی۔ یہ بات کرکٹ کی معتبر ویب سائٹ کرکٹ انفو نے بتائی ہے۔اسپورٹس ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے آئی سی سی کو بتایا ہے کہ نریندر مودی کی حکومت نے ٹیم کو پاکستان نہ بھیجنے کا مشورہ دیا ہے۔کرک انفو کے مطابق بھارتی ٹیم کو اپنی حکومت کی جانب سے پاکستان جانے کی اجازت نہیں ملی،بھارتی ٹیم ہائبرڈ ماڈل پر ایونٹ میں شرکت کی خواہش مند ہے، اس کے لیے سری لنکا اور متحدہ عرب امارات کے وینیوز پر غور کیا جارہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی2025 ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہونے کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق اس اقدام کا مطلب یہ ہے کہ آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایک نیا انتظام کرنا ہوگا، جس میں ممکنہ طور پر ’ہائبرڈ ماڈل‘ شامل ہوگا جس میں ٹیمیں پاکستان میں کچھ میچ کھیلیں گی اور دیگر دوسرے مقام پر کھیلیں گی، متحدہ عرب امارات کو پاکستان سے قریب ہونے کی وجہ سے اسے متبادل مقام کے لیے اولین ترجیح سمجھا جا رہا ہے جبکہ سری لنکا پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو حال ہی میں ایک پیغام بھیجا ہے اور اپنے فیصلے سے متعلق پی سی بی کو آگاہ کردیا ہے کہ سکیورٹی خدشات کی بنا پر بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آئے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی میڈیا پر سامنے والی خبروں کے ردعمل میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ چیمپیئنز ٹرافی پر ہمارا مؤقف واضح ہے کہ کسی ہائبرڈ ماڈل پر بات نہیں ہو گی۔ محسن نقوی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پی سی بی کوئی بھی حتمی فیصلہ کرنے اور پاکستانی حکومت کے ساتھ اس پر تبادلہ خیال کرنے سے پہلے بی سی سی آئی کی جانب سے کسی بھی اعتراض کی تحریری طور پر ضرورت ہوگی۔چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی جن کو 4 کے 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں سیمی فائنل اور ایک فائنل شامل ہے۔ ٹورنامنٹ میں افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، بھارت، نیوزی لینڈ، پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں شامل ہیں۔بھارت نے 2008 کے ایشیا کپ کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا ہے، حالانکہ پاکستان نے آئی سی سی ایونٹس کے لیے حال ہی میں 2023 کے ورلڈ کپ کے علاوہ متعدد بار بھارت کا دورہ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں