1. Home
  2. Blogs
  3. News

نومبر 20, 2024

فخر زمان میچ ونر ہے ، اگروہ فٹ ہوا تو موقع دیا جائے گا، عاقب جاوید

فخر زمان میچ ونر ہے ، اگروہ فٹ ہوا تو موقع دیا جائے گا، عاقب جاوید
وائٹ بال فارمیٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ فخر زمان میچ ونر کھلاڑی ہے اگر فٹ ہوا تو ٹیم میں موقع دیا جائے گا، نئی سلیکشن کمیٹی کے آنے سے رزلٹ کافی بہتر ہوئے ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ نئی سلیکشن کمیٹی کے آنے سے رزلٹ کافی بہتر ہوئے ہیں، ہم 22 سال بعد آسٹریلیا میں سیریز جیتے جو بڑی بات ہے، آسٹریلیا کی کنڈیشنز آسان نہیں ،میزبان ٹیم کو بھی مشکل ہورہی تھی ، کنڈیشنز کے مطابق کھیلنا زیادہ اہم ہے۔عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ مجھے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے اضافی ذمہ داری دی ہے جس کو بھرپور طریقے سے انجام دینے کی کوشش کروں گا، پچھلے کئی سال سے کوچنگ کررہا ہوں اس کا تجربہ ٹیم کے ساتھ استعمال کروں گا۔انہوں نے کہا کہ فخر زمان ایک میچ ونر ہے، اس کے کچھ فٹنس کے مسائل چل رہے تھے، وہ بہتر ہوں گے تو سلیکشن کمیٹی فخر پر ضرور نظرِ ثانی کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ کپتان اور کوچ کی مرضی کے بغیر سلیکشن کمیٹی ٹیم سلیکٹ نہیں کرتی، کوشش ہوگی کہ بہترین دستیاب کھلاڑیوں میں سے ٹیم سلیکٹ کریں گے ، اب اسد شفیق ٹیم کے ساتھ نہیں ہوں گے میں موجود ہوں گا، ٹیم سلیکشن کے حوالے سے نہ صرف میں بلکہ پوری سلیکشن کمیٹی فیصلہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف اگر کوئی پہلے کہتا کہ ہم ون ڈے سیریز جیتیں گے تو کوئی نہ مانتا، ہمارا فوکس اس وقت ون ڈے اور چیمپئنز ٹرافی پر ہے، زمبابوے کیلئے جو ٹیم سلیکشن کی ہے اور نئے لڑکوں کو میسج دیا ہے کہ ان کو ٹیم میں موقع ملے گا، تنقید ہوتی رہے گی اور ہونے بھی چاہیے، ٹیم کے پرفارمنس پر تعریف اور تنقید ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ صائم ایوب میں بہتری آرہی ہے، اس کو کافی کرکٹ کھیلنے کا موقع مل رہا ہے، اسٹرائیک ریٹ کا اندازہ تب لگایا جاسکتا ہے جب کنڈیشن ٹھیک ہوں، مشکل کنڈیشن میں اسٹرائیک ریٹ زیادہ اہمیت نہیں رکھتا، جب ہدف 180 سے 200 ہو تو بلے بازوں کو اس کے مطابق کھیلنا ہوگا، یہ تمام بلےبازوں کو میسج ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جب آپ کوچ بنتے ہیں تو کسی انفرادی کھلاڑی پر فوکس نہیں ہوتا، صرف پاکستان کرکٹ کو بہتری کی طرف لے کر جانا ہے۔عاقب جاوید کا کہناتھاکہ بابر اعظم پرفارم کررہے ہیں اور ان کی پرفارمنس سب کو نظر آرہی ہے، جب آپ کوچ بنتے ہیں تو کسی انفرادی کھلاڑی پر فوکس نہیں ہوتا، صرف پاکستان کرکٹ کو بہتری کی طرف لے کر جانا ہے۔عاقب جاوید نے مزید کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان جیسے کھلاڑیوں نے ماضی میں پاکستان کے لیے پرفارم کیا ہے، بابر اعظم اور محمد رضوان کی پرفارمنس کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

متعلقہ خبریں