1. Home
  2. Blogs
  3. News

نومبر 23, 2024

ضلع کرم فائرنگ کے واقعات میں مزید 30 افراد جاں بحق، مجموعی تعداد 75 ہوگئی

ضلع کرم فائرنگ کے واقعات میں مزید 30 افراد جاں بحق، مجموعی تعداد 75 ہوگئی
ضلع کرم میں مختلف گاؤں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے جس میں اب تک 30 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی ہدایت پر پاراچنار جانے والے خیبرپختونخوا حکومت کے وفد کے ہیلی کاپٹر پر بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کی ہے، حکام کے مطابق فائرنگ کے واقعہ میں ہیلی کاپٹر اور حکومت وفد محفوظ رہا۔دوسری جانب وزیر قانون خیبرپختونکوا آفتاب عالم کا کہنا ہے کہ حکومتی وفد کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کی اطلاع غیرمصدقہ ہے، ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، حکومتی وفد بلکل محفوظ ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی ایک روزہ دورے پر پارا چنار جانا تھا، وزیرداخلہ نے فائرنگ سے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کرنا تھی، تاہم ان کا دورہ خراب موسم کے باعث ملتوی کر دیا گیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں فائرنگ کے واقعات میں مزید 30 افراد جاں بحق جبکہ 50 زخمی ہو گئے ہیں اور 3 روز کے دوران فائرنگ کے مختلف واقعات میں 75 افراد جاں بحق جبکہ 80 زخمی ہوئے ہیں۔رپورٹس کے مطابق ضلع کرم میں گزشتہ رات سے فائرنگ کے تازہ واقعات مختلف علاقوں بگن ، علیزئی بالشخیل ، خار کلے ، مقبل اور کنج علیزئی میں ہوئے ہیں جن کے نتیجے میں اب تک فریقین کے 30 افراد جاں بحق 50 زخمی ہو گئے ہیں۔3 روز کے دوران مسافر گاڑیوں پر فائرنگ اور دوسرے علاقے میں فائرنگ کے تازہ واقعات کے نتیجے میں مجموعی طور پر 75 افراد جاں بحق اور 80 زخمی ہوئے ہیں جبکہ گھروں اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔خیال رہے جمعرات کی صبح ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار سے پشاور اور پشاور سے پاراچنار کے لیے 200 گاڑیوں پر مشتمل کانوائے روانہ ہوا تھا۔ مسافر گاڑیوں کے پہنچتے ہی مسلح افراد نےگاڑیوں پر اندھادھند فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 45افراد جاں بحق ہوئے تھےاس واقعے کے بعد علاقے میں ایک بار پھر امن و امان کی فضا خراب ہو گئی ہے۔

متعلقہ خبریں